یلاپور 20؍جولائی (ایس او نیوز) ضلع شمالی کینر اکے یلاپور تعلقہ کیروتّی میں رینج فاریسٹ آفیسر کے عہدے پر تعینات چندر کانت نائک کے دفتر، کرایے کے مکان اور ذاتی مکان پر اینٹی کرپشن بیوریو کے افسران نے بیک وقت چھاپہ مارااور ان کے ٹھکانوں کی تلاشی لی۔
موصولہ اطلاع کے مطابق اے سی بی کے پاس کسی شخص نے شکایت درج کروائی تھی کہ آر ایف او چندرکانت نائک کے اپنے معلوم ذرائع آمدنی سے زیادہ جائدادکے مالک ہیں۔ اس شکایت کی بنیاد پر منگلورو اے سی بی کے ڈی وائی ایس پی سدھیر ہیگڈے کی قیادت میں مختلف ٹیموں نے کاروارکے نندن گدّا میں موجود چندرکانت کی بیٹی کے مکان،ماجالی میں سسرالی مکان، انکولہ تعلقہ آورسا میں واقع ذاتی مکان اور کیروتّی میں ان کے دفتر پر اچانک اور بیک وقت چھاپہ مارکر تلاشی لی۔ کہا جاتا ہے کہ اس چھاپے میں منگلورو، اڈپی، کاروار، چکمگلورو اور دھارواڑ کے اینٹی کرپشن بیورو کے افسران نے حصہ لیا۔
یاد رہے کہ اس سے پہلے بیلے کیری سے میگنیز لاپتہ ہونے کے معاملے میں بھی آر ایف او چندرکانت نائک پر الزام لگے تھے اور انہیں گرفتار بھی کیا گیا تھا۔